• news

پاکستان آ کر اکیلے آرٹیکل 6 کا مقدمہ لڑونگا: الطاف حسین

لندن (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک میں بدقسمتی سے عدالتیں آزاد نہیں ہیں، آئین توڑنا غداری تھا تو چیف جسٹس نے پرویز مشرف کی وفاداری کا حلف کیوں لیا۔ چیف جسٹس نے مشرف کو جو چاہو کرو، کا لائسنس دیا۔ کراچی میں تقریب سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ پرویز مشرف نے ایمرجنسی ساتھیوں کے مشورے پر لگائی، آئین توڑنے کے جرم میں صرف ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان آ کر اکیلے آرٹیکل 6 سے متعلق مقدمہ لڑونگا اگر میں فیصلہ غلط ثابت نہ کر پایا تو سزا بھگتنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 1999ء میں ضیاء الدین گلو بٹ کو آرمی چیف بنایا گیا، اسٹیبلشمنٹ ہر کسی کو سپورٹ کرتی ہے، وہ ہمیں بھی اسلام آباد میں دھرنے کی اجازت دے۔ الطاف حسین نے کہا دوہری شہریت والے الیکشن نہیں لڑ سکتے تو کوئی بھی الیکشن نہیں لڑ سکتا۔ بیرون ملک پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے، ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے سابق وزیر تعلیم نے کہا تھا کہ حیدر آباد میں یونیورسٹی نہیں بننے دونگا، ایسا بیان دینے پر کوئی اور ملک ہوتا تو وزیر تعلیم کو سزا دی جاتی۔

ای پیپر-دی نیشن