میجر شبیر شریف شہید کا44واں یوم شہادت منایا گیا‘ آرمی چیف کی جانب سے قبر پر پھول چڑھائے گئے
لاہور(خبر نگار) 1971ء کی جنگ میں نشان حیدر کا اعلی ترین اعزاز حاصل کرنے والے میجر شبیر شریف شہید کا 44 واں یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا‘ شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور مزار پر چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 1971ء کی جنگ میں ہیڈ سلیمانکی میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر شبیر شریف شہید کا 44 واں یوم شہادت عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔ اس موقع پرلاہور میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں میجر شبیر شریف شہید کے صاحبزادے تیمور شریف اور ان کی ہمشیرہ‘ صاحبزادی و دیگر اہل خانہ اور عزیزواقارب نے شرکت کی۔ میانی صاحب قبرستان میں تیمور شریف‘ جے سی او میجر جنرل فدا حسین اور میجر جنرل سجاد علی نے میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر حاضری دی‘ فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ جے سی او کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل فدا حسین اور میجر جنرل سجاد علی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پاک فوج کے افسران اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔