• news

بلوچستان کے لیگی رہنمائوں نے تحفظات بتائے، دوسرے فریق کو سن کر رپورٹ دینگے: سعد رفیق

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر کوئٹہ آنے والی مذاکراتی ٹیم کے رکن اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے بلوچستان اسمبلی میں ہماری اکثریت ہونے کے باوجود ہم نے وزارت اعلیٰ قومیت پرستوں کو دی، مری معاہدہ ایک حقیقت ہے تاہم اس وقت اس کا تذکرہ نہیں کیا جا سکتا۔ وقت آنے پر اس کے بارے میں کہا جائیگا۔ بلوچستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور پارلیمانی لیڈر ثناء اللہ خان زہری اور دیگر مسلم لیگی وزراء سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے اپنے تحفظات گلے شکوئوں سے ہمیں آگاہ کیا، اب ہم دوسرے فریق کی بات سنیں گے اور رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائیگی۔ یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم نے بلوچستان اسمبلی میں واضح اکثریت ہونے کے باوجود اپنی وزارت اعلیٰ کی قربانی دی تھی اب ہماری پارٹی کو کچھ شکایت ہے دوسرے فریق کی بات بھی ہم سنیں گے اور اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ ہوگا۔ جب ان سے پوچھا گیا مری معاہدے کا کوئی وجود برقرار ہے تو انہوںنے کہا بند کمرے کی باتیں باہر نہیں لائی جا سکتیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کیا مری معاہدے کے تحت ڈھائی سال حکومت ایک پارٹی کریگی اور ڈھائی سال حکومت مسلم لیگ کریگی تو انہوں نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔ انہوںنے کہا اس وقت پورے پاکستان میں 272 حلقے ہیں 18حلقے کھولے گئے تھے جن کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کنٹینر پر کھڑے ہوکر بات کرنیوالوں کو حقائق کے بارے میں بتانا چاہئے۔ ان سے پوچھا گیا بلوچستان حکومت میں مسلم لیگ ن رہے گی یا نہیں تو انہوںنے کہا سوال کرنا آپ کا حق ہے اس سوال کی ضرورت نہیں؟ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی کمیٹی کے ارکان بلوچستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور ان کے وفد سے سرینا ہوٹل میں اہم ملاقات کی اورملاقاتوں کا سلسلہ رات گئے تک جاری تھا۔ قبل ازیں راجہ ظفر الحق، خواجہ سعد رفیق، سنیٹر سردار یعقوب خان ناصر اور رانا رشید اسلام آباد سے بذریعہ طیارہ کوئٹہ پہنچے تو ائیرپورٹ پر بلوچستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر صوبائی پارلیمانی لیڈر چیف آف جھالاوان اور سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ خان زہری، مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر صوبائی وزیر آبپاشی وبرقیات نواب چنگیز خان مری، آئی جی پولیس بلوچستان عملیش خان، چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، صوبائی وزراء میر اظہار حسین کھوسہ، سردار سرفراز ڈومکی، سمیت ارکان اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی وصوبائی قیادت نے ان کا استقبال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن