تحریک انصاف نے شریف برادران کی تصاویر والی تشہیری مہم کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ میں شریف برادران کی تصاویر پر مشتمل تشہیری مہم کو چیلنج کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور عثمان بسرا نے شاہد نسیم گوندل ایڈووکیٹ کی وساطت سے شریف برادران کی تشہیری مہم کے خلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے سے نوازشریف اور شہباز شریف کی ذاتی تشہیر کی جا رہی ہے جبکہ شریف برادران کی تشہیری مہم چلاکر سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ آئین کے تحت سرکاری رقم مخصوص سیاسی پارٹی کی تشہیر کیلئے خرچ نہیں ہوسکتی۔ شریف برادران کی تصاویر پر مشتمل تشہیری مہم روکنے کا حکم دیا جائے اور وفاقی اور صوبائی حکومت سے تشہیری مہم پر خرچ ہونیوالی رقم کا مکمل ریکارڈ طلب کیا جائے۔