فیصل آباد میں تحریک انصاف کی ریلی، کل 9 اہم راستوں کو بند کرنے کا اعلان
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے مقامی رہنما رکن پنجاب اسمبلی شیخ خرم ظفر کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے گذشتہ روز ریلی نکالی جو چوک گھنٹہ گھر اور کچہری بازار سے گزری جس میں نعرے بازی کی گئی کہ کل آٹھ دسمبر کو فیصل آباد میں شٹرڈاؤن کیا جائے گا اور ہڑتال کی جائے گی جس پر فیصل آباد کے تاجر تنظیموں کے نمائندوں اور مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں نے جواب میں نعرے بازی کی کہ ہم ہڑتال نہیں کریں گے اور ہم تحریک انصاف کی کال کو مسترد کرتے ہیں۔ پولیس نے فوری طور پر حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے حالات کو سنبھال لیا تاہم تحریک انصاف کے کارکنوں کی ریلی پرامن طور پر چلی گئی۔ دوسری طرف تحریک انصاف نے کل آٹھ دسمبر کو شہر کے 9مقامات پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ ہڑتال کروائی جا سکے۔ اس سلسلے میں تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ آٹھ دسمبر کو موٹروے انٹرچینج، سرگودھا روڈ، گٹ والا پل، نشاط آباد پل، نڑوالا روڈ، چناب کلب چوک، عبداللہ پور چوک، الائیڈ ہسپتال ڈائیوو روڈ، کوہ نور چوک، ناولٹی پل کو جلوسوں کی صورت میں بند کر دیا جائے گا۔ دوسری طرف فیصل آباد میں تاجر تنظیمیں ہڑتال کی بھرپور مخالفت کر رہی ہیں چنانچہ واضح طور پر فیصل آباد میں تحریک انصاف مسلم لیگ(ن) اور فیصل آباد کی تاجر تنظیموں کے مابین آٹھ دسمبر کو تصادم کا خطرہ موجود ہے۔ علاوہ ازیں ڈی سی اونورالامین مینگل اورسی پی او ڈاکٹر سہیل حبیب تاجک نے فیصل آباد میں 8دسمبر کو احتجاجی پروگرام کے پیش نظر تحریک انصاف کے مقامی قائدین سے دوسری ملاقات کی تاکہ امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھنے اورعام شہریوں کے لئے مشکلات سے بچائو کے لئے موثر اورجامع انتظامی وحفاظتی حکمت عملی وضع کی جاسکے۔ تحریک انصاف سے ملاقات میں ایم پی اے شیخ خرم شہزاد، فیض اللہ کموکا اور زاہد چودھری موجود تھے۔ ڈی سی اونے کہا کہ 8 دسمبر کو انسدادپولیو کی قومی مہم بھی شروع ہو رہی ہے لہذا بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے پولیو ورکرز کی آمدورفت بھی متاثر نہیں ہونی چاہئے۔ ڈی سی او نے کہا کہ احتجاجی پوائنٹس پر سکیورٹی کے ساتھ ساتھ موبائل ہسپتال، ریسکیو سروسز، ٹریفک مینجمنٹ اوردیگر ضروری انتظامات کریں گے۔ سی پی او ڈاکٹرسہیل حبیب تاجک نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کے ورکرز کی گرفتاری کی کوئی پالیسی نہیں۔ احتجاجی پروگرام پرامن رکھنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف انڈسٹریل ونگ پنجاب کے صدر ظفراقبال سرور، پنجاب اسمبلی کے رکنشیخ خرم ظفراورضلعی صدر رانا راحیل احمدنے کہا ہے کہ فیصل آباد کے تاجر صنعتکا ر، مزدور، وکلائ، طلبہ اورکسان چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا 8دسمبر کو فیصل آباد میں فقیدالمثال استقبال کرینگے جس کیلئے تمام تر تیاریں مکمل کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بند کرنے کی کال کی روشنی میں پورے ضلع کے تمام داخلی اور خارجی راستے قطعی طور پر بند کرکے شہر کو سیل کر دیا جائیگا۔ انہوں نے طلبہ کے والدین سے اپیل کیکہ وہ اس دن اپنے بچوں کو سکول و کالجوں میں نہ بھجیں انہوںنے بتایا کہ چیئرمین عمران خان مقامی رہنمائوں کے ہمراہ ایک بہت بڑی ریلی کی صورت میں شام کو چوک گھنٹہ گھر پہنچیں گے اس سے قبل تحریک کے ٹائیگر آٹھوں بازاروں میں موٹرسائیکل ریلی نکالیں گے۔ اگر حکومت نے ہمارے پرامن کارکنوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا تو اسکا جواب بھی طاقت سے دیا جائیگا۔