• news

ہاکی چیمپئنز ٹرافی : بیلجیم نے پاکستان‘ انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دیدی

لاہور(نمائندہ سپورٹس )بھارت میں جاری چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے دن انگلینڈ نے آسٹریلیا اور بیلجیئم نے پاکستان‘ہالینڈ نے ارجنٹائن جبکہ جرمنی نے بھارت کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا ہے۔بھوونیشور میں کھیلے جانے والے میچ میں بیلجیئم نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ یورپی ٹیم نے گرین شرٹس کے خلاف پہلے کوارٹر کے 12ویں منٹ میں ٹینگوئی کزنز کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔میچ کے 36ویں منٹ میں پاکستان کو پہلے پنلٹی کارنر اور پھر پنلٹی سٹروک ملا جس پر محمد عمران نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ تیسرے کوارٹر میں کے آخری منٹ میں بیلجیئم نے ایک اور گول کر کے دوبارہ برتری حاصل کر لی جو آخر تک قائم رہی۔ انگلینڈ نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔ انگلینڈ کے الیسٹر براگڈن نے چھٹے منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جس کو 27ویں منٹ میں سیموئل وارڈ نے دوگنا کر دیا۔چوتھے کوارٹر میں آسٹریلیا کے کرس کریلو نے پینلٹی کارنر پرگول کر کے انگلینڈ کی برتری کم کر دی۔کھیل کے آخری لمحات میں آسٹریلیا نے میچ برابر کرنے کی کوششیں کیں جو کامیاب نہ ہو سکیں ‘اسی دوران انگلش ٹیم کے سیموئل وارڈ گول کرنے میں کامیاب رہی۔پول بی میں جرمنی نے میزبان ملک بھارت کو ایک صفر سے شکست دے دی ہے۔جرمنی کو میچ کے آخری منٹ میں کامیابی حاصل ہوئی۔بھارت نے اس گول کے خلاف ریفرل بھی لیا لیکن گول برقرار رکھا گیا۔ جرمنی کے دو کھلاڑیوں کو گرین کارڈ ملے۔ ہالینڈ نے ارجٹینا کو تین صفر سے شکست دے دی ہے۔نیدرلینڈز کی جانب سے پہلا گول ویردن منک نے 13 ویں منٹ میں کیا۔ 19ویں منٹ میں نیدرلینڈز کی جانب سے دوسرا گول کیمپرمین رابرٹ نے کیا جبکہ تیسرا گول پفیلین دید نے 51 ویں منٹ میں کیا۔ہالینڈ کے ہیونگا مارٹن کو گرین کو 29ویں منٹ میں گرین کارڈ دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن