ہاکی چیمپئنز ٹرافی : قومی ٹیم پہلی بار پیلے رنگ کی کٹ میں میچ کھیلی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارت میں جاری چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی 67 سالہ تاریخ میں قومی ہاکی ٹیم پیلے رنگ کی یونیفارم کے ساتھ میدان میں اتری۔ سابق اولمپئنز کی جانب سے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا گیا ہے کہ ایسا کیوں ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈکوچ شہناز شیخ نے سیالکوٹ سے اپنی مرضی سے قومی ٹیم کی یونیفارم بنوائی تھی جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔ سابق کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں ایسا کبھی موقع نہیں آیا کہ قومی ٹیم کی یورنیفارم سبز اور سفید رنگ کے علاوہ کسی دوسرے رنگ میں بنائی گئی ہو۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو اس بات کا نوٹس لینا چاہئے کہ بھارت میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کے موقع پر ایسا جان بوجھ کر کیا گیا ہے یا پھر کوئی اور وجہ ہے اس حوالے سے قوم کو بتایا جائے۔ واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول اور سیکرٹری رانا مجاہد بھی ان دنوں بھارت میں ہیں۔