• news

ہاکی چیمپئنز ٹرافی : پاکستان کو مسلسل دوسری شکست‘ انگلینڈ 8-2 سے کامیاب‘ آسٹریلیا بیلجیم کا میچ برابر

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسرے میچ میں شکست کا سامنا۔ انگلینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم کو تاریخ کی بدتریں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کے شہر بھنیشور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ ٹیم نے پاکستان کو دو کے مقابلے 8 گول سے شکست دی۔ میچ کے 15 ویں منٹ میں انگلینڈ کی جانب سے پہلا گول مارک گیلگورین نے کیا۔ دو منٹ کے وقفہ کے بعد کیٹلن نک نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ دو صفر کر دیا۔ 19 ویں منٹ میں ڈیوڈ کنڈون، 24ویں منٹ میں بیری مڈلیٹن نے، 26 ویں منٹ میں ایشلے جیکسن نے، 45 ویں منٹ میں سیمول وارڈ نے ٹیم کی جانب سے چھٹا گول کیا۔ 48 ویں منٹ میں انگلینڈ کے الیسٹر بروگوڈن نے گول کر کے مقابلہ سات صفر کر دیا۔ پاکستان کی طرف سے پہلا گول میچ کے 57 ویں منٹ میں محمد ارسلان قادر نے نے کیا دو منٹ بعد انگلینڈ نے آٹھواں گول کرس گریفٹس نے کیا۔ پاکستان کی طرف سے دوسرا گول محمد عرفان کے حصے میں آیا جنہوں نے آخری منٹ میں ملنے والے پنلٹی کارنر پر بال کو جال کی راہ دکھا کر کیا۔ میچ کا اختتام انگلینڈ کی 8-2 کامیابی پر ہوا۔ ٹورنامنٹ میں آج آرام کے دن کے بعد مزید چار میچ کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کا تیسرا میچ کل آسٹریلیا کے خلاف ہوگا جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام پانچ بجے شروع ہوگا۔ قبل ازیں کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم نے آخری منٹ میں گول کرکے آسٹریلیا کے خلاف مقابلہ چار چار گول سے برابر کر دیا۔ پول بی کے میچ میں ہالینڈ نے جرمنی کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیدی۔ ایک اور میچ میں بھارت کو ارجنٹائن کے ہاتھوں ایونٹ میں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میزبان ٹیم کو دو کے مقابلے میں چار گو ل سے منہ کی کھانا پڑی۔

ای پیپر-دی نیشن