اگلے سال بلوچستان سے 11 سینیٹر ریٹائرڈ ہونگے، سب دوبارہ امیدوار بننے کے خواہشمند
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان سے 2015ءمیں 11 سینیٹر ریٹائرڈ ہو جائیں گے اور ان کی جگہ نئے سینیٹروں کا انتخاب ارکان صوبائی اسمبلی کرینگے جن کی مدت 6سال ہوگی یعنی 2021ءمیں وہ ریٹائر ہونگے۔ بلوچستان سے جو سینیٹر ریٹائر ہو رہے ہیں ان میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے عبدالرﺅف لالا، نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر میر حاصل خان بزنجو، بی این پی عوامی کے مرکزی سینئر نائب صدر میر محمد علی رند، سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میر صابر بلوچ، پیپلز پارٹی کے سینیٹر اکبر مگسی، ثریا امیر الدین، حاجی یوسف بادینی، مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر سردار یعقوب خان ناصر، انجینئر ہمایوں مندوخیل، جمعیت علماءاسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری، بی این پی عوامی کی کلثوم پروین شامل ہیں۔ 2015ءمارچ میں ہونیوالے سینٹ کے انتخابات میں بلوچستان سے جو 11 سینیٹر ریٹائر ہو رہے ہیں وہ سب کے سب دوبارہ سینٹ کے امیدوار بننے کے خواہشمند ہیں جبکہ دوسری جانب نئے سینٹ کے امیدواروں نے بھی رابطوں کا سلسلہ بڑھا دیا ہے اور ہر ووٹ حاصل کرنے کیلئے چمک دمک دینے کیلئے تیار ہیں۔
بلوچستان/ سنیٹر