• news

چیچہ وطنی: ایک اور لڑکی چھرا مار جنونی کے ہاتھوں زخمی، ہسپتال داخل

چیچہ وطنی (نامہ نگار) ایک ماہ روپوش رہنے والا پراسرار چھرا مار جنونی موٹر سائیکل سوار پھر حرکت میںآگیا۔ گذشتہ شب جنونی نوجوان نے ایک سابق بنک آفیسر کی بیٹی کو اس وقت چھرا مار کر زخمی کردیا جب وہ اپنی والدہ کے ہمراہ بیگم شہناز روڈ سے گزر رہی تھی۔ مضروبہ کو فوری طور پر ایک نجی ہسپتال میں لیجایا گیا جہاں سے مضروبہ کو سول ہسپتال لایا گیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی۔ عینی شاہد کے مطابق مجرم فرار ہوتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث سڑک پر پھسل گیا لیکن وہ فوری طور پر سنبھل گیا اور گری ہوئی موٹر سائیکل دوبارہ اٹھا کر موقع سے فرار ہوگیا۔ واردات کے بعد ایک بار پھر بہت سے سوالا ت کھڑے ہوگئے ہیں؟ سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ پراسرار چھرا مار موٹر سائیکل سوار اب تک پولیس کی تیز نظروں سے کیوں اوجھل ہے۔ ملزم کی گرفتاری پر 2 لاکھ روپے کا انعام رکھا گیا۔ ملزم کے خاکو ں کی تشہیر کی گئی۔ پولیس گشت کو موثر بنایا گیا۔ مختلف مقامات پر CCTV کیمرے نصب کئے گئے۔ ایلیٹ فورس بھی حرکت میں آئی لیکن پراسرار موٹر سائیکل سوار گذشتہ 14 ماہ سے قانون کی آنکھوں میں دُھول جھونک رہا ہے۔ ایک چھوٹے سے شہر میں مسلسل ایسی وارداتوں کا ارتکاب پولیس کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لئے بھی لمحہ فکریہ ہے۔
جنونی/ لڑکی زخمی

ای پیپر-دی نیشن