”عرب سپرنگ“ اب استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے: مصری سفیر
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں مصر کے سفیر سعید حندان نے کہا ہے مصر سمیت جو عرب ممالک‘ عرب سپرنگ کی گرفت میں تھے وہاں ”عرب سپرنگ“ دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ وقت نیوز کے پروگرام ایمبیسی روڈ میں انٹرویو میں انہوں نے کہا مصر میں ”عرب سپرنگ“ اب استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ان سے پوچھا گیا مصر میں حسنی مبارک کو عدالت کی طرف سے بری کئے جانے کے بعد ایک مرتبہ پھر احتجاج شروع ہوگیا ہے تو سفیر نے بتایا خصوصی عدالت کے فیصلے کے بعد اٹارنی جنرل نے اعلیٰ عدالت میں خصوصی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کردیا ہے۔ سعید حندان سے پوچھا گیا اس وقت مصر‘ شام‘ عراق‘ لیبیا میں عدم استحکام اور انتشار کی کیفیت ہے یہ صورتحال کب بہتر ہوگی تو مصری سفیر نے جواباً کہا یہ داخلی کشمکش اب دوسرے مرحلے میں داخل ہونیوالی ہے۔ لیبیا میں صورتحال بہت خراب ہے۔ مصر کی کوشش ہے لیبیا میں امن اور استحکام پیدا ہو۔ شام میں جو صورتحال بگڑی ہوئی ہے اسکو بھی جلد بہتر ہونا چاہئے۔ جہاں تک عراق کا تعلق ہے بدقسمتی سے وہاں فرقہ واریت کا زہر پھیل رہا ہے۔ مصر کے سفیر سے پوچھا گیا عرب ملکوں کی داخلی شورش کی وجہ سے اسرائیل کو فائدہ نہیں ہو رہا؟ تو انہوں نے کہا ایسا نہیں ہے۔اسرائیل کو اندازہ ہے اسکے ارد گرد کے ملکوں میں جو شورش ہے اس سے اسرائیل بھی متاثر ہوگا۔ موجودہ حالات میں فلسطین کا مسئلہ حل کرنے کے احساس میں شدت آرہی ہے۔ اسی لئے فرانس کی پارلیمنٹ نے فلسطین کی آزاد ریاست کے حق میں قرارداد منظور کی ہے۔ سویڈن بھی اس سے پہلے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے قرارداد منظور کرچکا ہے۔ پاکستان اور مصر کے تعلقات کو دوستانہ اور قریبی قرار دیتے مصری سفیر نے کہا پاکستان اور مصر کے درمیان تجارت اور معاشی تعلقات کو وسعت دینے کی بڑی گنجائش ہے۔ مصر کی کنسٹرکشن اور سیمنٹ ساز کمپنیاں پاکستان میں انوسٹمنٹ کر رہی ہیں۔ ایک کمپنی جو پاکستان سے واپس چلی گئی تھی اب پھر پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے۔
مصری سفیر