• news

قیمتی جان کے ضیاع کا افسوس ہوا، ملزم گرفتار کیا جائے: شہباز شریف، مرو مارو کی تقاریر پر عمل ہوا: پرویز رشید

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے فیصل آباد کے علاقے ناولٹی پل کے قریب فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعات کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ فائرنگ میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے تحت کارروائی عمل میںلائی جائے۔ انہوںنے کہاکہ مجھے قیمتی انسانی جان کے ضیاع پربہت افسوس ہوا ہے اور میں نے بلا تاخیر پولیس حکام کو ذمہ دار افراد کی گرفتار ی کا حکم دیدیا ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنو ںسے اپیل ہے کہ وہ پر امن رہیں، اشتعال میں نہ آئیں اور صبرو تحمل کا مظاہرہ کریں۔ شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والے حق نواز کے بھائی کی اپیل پر نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ وزیراعلی نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی بھی بنا دی صوبائی سیکرٹری ماحولیات کمیٹی کے سربراہ جبکہ ارکان میں ایڈیشنل کمشنر فیصل آباد اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ شامل ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں، وہ اشتعال انگیز بیانات واپس لیں اور حکومت ان کی منتظر ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں پرویز رشید نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے سکولوں، سڑکوں اور دکانوں کو بند کرنے کی کوشش کی تاہم کوئی سکول بند نہیں ہوا۔ سڑکوں پر آگ جلا کر ٹریفک بند کرنے کی کوشش کی گئی۔ پرویز رشید نے عمران خان کے نام پیغام میں کہا کہ فیصل آباد میں جو بھی ہوا، وہ اس کی ذمہ داری تسلیم کریں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ فیصل آباد کے عوام نے عمران خان کا ساتھ نہیں دیا، اور شہر کھلا ہوا ہے تاہم انہوں نے دھونس سے لوگوں کو اپنے حکم نامے پر عمل درآمد کروایا۔ ’پرامن احتجاج پرتشدد احتجاج میں تبدیل ہوا ہے، آپ نے دھونس سے لوگوں کو ڈرا دھمکا کر لوگوں کو اپنے حکم نامے پر عمل کروانے کی کوشش کی ہے ۔ پی ٹی آئی کے کارکن کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی فوٹیج پولیس کو مل گئی ہے۔ تشدد سے گریز کرنے کیلئے پولیس کو نرم ترین ہتھیار ’تیز پانی کی دھار‘ کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ مذاکرات سے لاتعلقی اور شہر بند کرنے کے بیانات کی صورت میں عمران خان نے اپنے نائب شاہ محمود قریشی کو ’شٹ آپ‘ کال دی ہے۔ پی ٹی آئی والے تحریک قتل و غارت اور تحریک فتنہ و فساد نہ بنیں۔ اپنی جماعت کے نام کی لاج رکھیں۔ خان صاحب شعلوں کو نہ بھڑکائیں، یہ آگ آپ کے دامن تک پہنچ جائے گی۔ ریڈ زون والی غنڈہ گردی فیصل آباد میں ہوئی۔ فیصل آباد میں مرو اور مارو کی تقاریر پر عمل کیا گیا۔ عمران کا پلان اے جمہوریت پر حملہ تھا۔ پلان بی دھرنے کے بعد جمہوریت کا گھیرائو تھا۔ جمہوری قوتوں کے اتحاد نے عمران خان کے اے اور بی پلان ناکام بنا دیئے۔ عمران کا پلان سی ملک میں انارکی پیدا کرنا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان انتشار پھیلا کر جلائوگھیرائو کی سیاست کررہے ہیں۔ وزیراعظم بننے کی ہوس نے عمران کو اندھا کردیا ہے۔ عمران کے جائز مطالبات ماننے کو تیار ہیں۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ فیصل آباد مسلم لیگ(ن) کا گڑھ ہے، یہاں تحریک انصاف کا جو حال ہوا سب نے دیکھ لیا، فائرنگ مسلم لیگ(ن) کے کارکن نے نہیں کی، فائرنگ کرنے والا تحریک انصاف کا اپنا بندہ تھا، پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے دھونس، دھاندلی اور غنڈہ گردی کی انتہا کر دی ہے۔ رانا ثناء اللہ کے گھر پر پتھرائو قابل مذمت اور انتہائی افسوسناک ہے۔ لیگی کارکن پُرامن رہیں اور اشتعال میں نہ آئیں، پُرامن رہنے والوں کے اصل چہرے سامنے آ گئے ہیں۔ ثابت ہو گیا ہے کہ تحریک انصاف فاشسٹ جماعت بن چکی ہے۔ عمران جلائو گھیرائو کی سیاست کرکے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں مگر عوام ان کے پرتشدد ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہیں جان لینا چاہئے کہ احتجاج اور ڈائیلاگ کی سیاست ایک ساتھ نہیں چل سکتی۔

ای پیپر-دی نیشن