سوات : مسلح افراد کا پولیو ٹیم پر حملہ فائرنگ سیکورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار جاں بحق
پشاور + سوات (بیورو رپورٹ + ایجنسیاں) سوات کے علاقے ایلم میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے پولیو کی ٹیم پر حملہ کے نتیجے میں سکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تاہم تمام پولیو ورکرز محفوظ رہے۔ سوات میں چار روزہ پولیو مہم شروع ہوگئی ہے۔ اس سلسلے میں انسداد پولیو ٹیم ایلم میں گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر واپس آرہے تھے کہ ملک پور کے علاقے میں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار دین محمد اور عثمان جاں بحق ہوگئے جبکہ پولیو ٹیم حملے میں محفوظ رہی۔ واقعہ کلی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طور پر علاقے کا محاصرہ کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ پشاور پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ نے یونیورسٹی ٹاﺅن میں پراپرٹی ڈیلر کے گھر کے قریب نصب بم ناکارہ بنا کر تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، بم میں ایک کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
2 اہلکار جاں بحق