پی آئی اے ملازمین کروڑوں کی ادویات ”ہضم“ کرنے لگے، لاہور ائر پورٹ پر ایک گرفتار دوسرا فرار
لاہور (سید شعیب الدین سے) 200 ارب روپے سے زائد خسارے کا شکار پی آئی اے کے ملازمین نے ادویات چوری کرکے پی آئی اے کو مزید لاکھوں کروڑوں کا نقصان پہنچانا شروع کر دیا جبکہ اعلی افسر ماتحت افسروں کو بچانے کیلئے ”سب اچھا“ کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے (کراچی) انتظامیہ کو خبر ملی تھی کہ لاہور میں ادویات کی بڑے پیمانے پر چوری کا سلسلہ جاری ہے یہ کام ائر پورٹ اور ٹاﺅن آفس کی دونوں ڈسپنسریوں میں کیا جا رہا ہے کراچی سے آنیوالے احکامات پر ویجیلینس انچارج وصی جعفری نے لاہور ائر پورٹ پر پی آئی اے کی ڈسپنسری پر چھاپہ مارا تو پی آئی اے کا ٹیکنیکل گراﺅنڈ سٹاف سہیل حسین شاہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ اس کی گاڑی سے 71 ہزار روپے مالیت کی چوری شدہ ادویات برآمد ہوئیں جبکہ دوسرا ملازم تبریز شاہ جس کے سکوئر پر ادویات کا ڈبہ رکھا تھا فرار ہو گیا۔ دونوں کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج کرا دیا گیا اور ملزم سہیل شاہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے بعد پی آئی اے کے ”شعبہ صحت“ میں کھلبلی مچ گئی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے ڈاکٹر ابرار نے پکڑی جانیوالی تمام ادویات کی گزشتہ تاریخوں میں اپنے دوست احباب کے نام ”اجرا“ کی کارروائی ڈال دی اور موقف اختیار کر لیا کہ دوائیاں ان کی ڈسپنسری سے نہیں نکلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے اعلی ترین شاہ نواز رحمن نے بھی اس موقف کو تسلیم کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ادویات کی چوری میں ائر لیگ اور اشتیاق لون کی پشت پناہی بھی شامل ہے۔