• news

بلدیاتی انتخابات کیلئے بند حلقہ بندیاں‘ پنجاب‘ سندھ کو ایک ماہ کی مہلت

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس میں پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کو ایک ماہ تک حد بندیوں سمیت دیگر قانونی ترامیم مکمل کر نے کا حکم دے دیا ،چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت کی تو اکرم شیخ نے الیکشن کمشن کی جانب سے رپورٹ پیش کی اور بتایا حکومت پنجاب اور سندھ نے الیکشن کمشن کے حکام کیساتھ ملاقات کی ہے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے تاخیر نہیں کی جائے گی پنجاب حکومت نے حد بندیوں اور قانون میں ترمیم سمیت دیگر اقدامات کیلئے پندرہ دنوں کا وقت مانگا ہے جبکہ سندھ حکومت کو تیس دنوں کا وقت درکار ہے۔ چیف جسٹس ناصر الملک نے استفسار کیا پنجاب کم اور سندھ حکومت زیادہ وقت کیوں مانگ رہی ہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ شفیع چانڈیو نے عدالت کو بتایا لوکل گورنمنٹ قانون میں ترمیم کا مسودہ تیار ہے۔ الیکشن کمشن سے حلقہ بندیوں کے سلسلے میں تعاون کیلئے کمیٹی بھی بنا دی ہے ۔ ترمیم شدہ قانون کا مسودہ پارلیمانی کمیٹی کے سامنے رکھا جائیگا، پھر صوبائی اسمبلی سے منظوری لی جائیگی۔ الیکشن کمشن کے وکیل نے بتایا حلقہ بندیوں کے رولز کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔ حلقہ بندیوں کے لئے درکار سازو سامان کی خریداری کیلئے کمیٹیاں بنا دی ہیں۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تاخیر ہماری طرف سے نہیں سندھ اور پنجاب کی جانب سے ہو رہی ہے ۔ ہم حلقہ بندیاں اور بلدیاتی انتخاب کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کنٹونمنٹ علاقوں میں انتخابات سے متعلق ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے تاہم الیکشن کمشن کی حالیہ میٹنگ چھ دسمبر کو کی گئی لیکن چھٹی کی وجہ سے اس میٹنگ کے منٹس وصول نہیں ہوئے، حد بندیوں سے متعلق ٹریننگ جاری ہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ شفیع چانڈیو نے کہا الیکشن کمشن نے سندھ لوکل ایکٹ میں ترمیم والے معاملے کی نشان دہی کی ہے۔ سندھ میں چار دسمبر کو میٹنگ ہوئی تھی جس میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو بلایا گیا تھا ایکٹ میں ترمیم سے متعلق پارلیمنٹ کمیٹی کو بھیجا گیا ہے تاہم اس حوالے سے آج میٹنگ ہونی ہے ایک ماہ میں تمام ضروری اقدامات کر لئے جائیں گے۔ بعدازاں عدالت عظمی نے پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق دسمبر کے اختتام تک تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی۔ این این آئی کے مطابق سپریم کورٹ نے پنجاب اور سندھ حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تبادلوں کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیدی۔ آئی این پی، آن لائن کے مطابق عدالت نے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی تعیناتی کے بعد دائر درخواست بھی نمٹا دی۔

ای پیپر-دی نیشن