• news

شاہ محمود کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات، تعاون کی یقین دہانی ، کمشن کے دیگر ارکان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

اسلام آباد (این این آئی+ آئی این پی) تحریک انصاف نے نئے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی جبکہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا ہے کہ چاروں صوبائی الیکشن کمشنرکو بھی مستعفی ہوجانا چاہئے۔ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران مقناطیسی سیاہی کا معاملہ اٹھایا گیا۔ موجودہ الیکشن کمیشن کو صاف کرنے کی ضرورت ہے اگر یہ نہ کیا گیا تو آئندہ بھی غلطیاں سامنے آتی رہیں گی۔ تحریک انصاف کے وفد نے شاہ محمود قریشی کی قیادت میں جسٹس سردار رضا خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف کی قیادت نے چیف الیکشن کمشنر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور الیکشن کمشن کی تطہیر کی ضرورت پر زور دیا۔ وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد میں سیف اللہ خان نیازی، شیریں مزاری، عارف علوی اور حامد خان شامل تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے کہا کہ تحریک انصاف نے نئے چیف الیکشن کمشنر کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ریٹرننگ افسران کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نئے سربراہ کے ساتھ اضافی بیلٹ پیپرز کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کی بنیاد صاف شفاف انتخابات پر ہوتی ہے اور تحریک انصاف پرامید ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نئے سربراہ گزشتہ انتخابات کے دوران ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان کے مطابق تحریک انصاف نے سردار رضا خان سے ملاقات کے دوران الیکشن ٹربیونلز کی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ ٹربیونلز قانون کے تحت حاصل کردہ 120 روزہ مدت کے اندر انتخابی فیصلے حل کرنے اور عذرداریوں پر فیصلے صادر کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن