• news

مجید نظامی نظریاتی صحافت کا زریں عہد تھے، پنجاب اسمبلی کی متفقہ قرارداد

لاہور (کامرس رپورٹر + خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار ) پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز متفقہ طور پر معمار نوائے وقت ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر وسیم اختر نے پیش کی جس میں کہا گیا مجید نظامی مرحوم نظریاتی صحافت کا ایک تابناک اور زریں عہد تھے جو اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ یہ ایوان اس تابناک اور روشن عہد صحافت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور اللہ رب العزت سے دعاگو ہے وہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ علاوہ ازیں حکومتی رکن اسمبلی شیخ علائوالدین کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں کہا گیا اس ایوان کی رائے ہے تمام یتیم بچوں کو حکومتی ذمہ داری سٹیٹ چائلڈ قرار دیا جائے۔ خبرنگار کے مطابق پنجاب اسمبلی نے مفاد عامہ سے متعلق 6 قراردادیں متفقہ طور پر منظور کیں۔ حکومت کی جانب سے ان قراردادوں کی مخالفت نہیں کی گئی۔ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے قرارداد پیش کی زرعی زمینوں کے تحفظ کے لئے شہروں کی حدود مقرر کی جائیں اور پرانے شہروں کو وسعت دینے کی بجائے نئے شہر بسانے کا اہتمام کیا جائے۔ ایوان نے یہ قرارداد اس اضافے کے ساتھ منظورکر لی کہ اس حوالے سے موجود قوانین پر بھی عملدرآمد کیا جائے۔ حنا پرویز بٹ نے قرارداد پیش کی جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کی فیسوں اور تعلیمی سہولیات کی مانیٹرنگ اور انہیں ریگولیٹ کرنے کے لئے قانون سازی کی جائے۔ لبنیٰ فیصل نے قرارداد پیش کی بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں درپیش تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے تاکہ ایک ہفتہ کے اندر تمام پراسیس مکمل کیا جا سکے۔ آخری قرارداد چودھری عامر سلطان چیمہ نے پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا موجودہ سال گندم کی ضرورت سے زائد پیداوار ہونے کے باوجود 16 کروڑ 74 لاکھ روپے مالیت کی 6 لاکھ 46 ہزار ٹن گندم کی درآمد کرنے کے معاملہ کی وفاقی حکومت تحقیقات کرے اور گندم درآمد کرنے والے عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن