عمران کے موقف کی حمایت، اپنے اتحاد میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں: مشرف
کراچی (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے 2013ء کے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں افتخار چودھری ملوث تھے اور ان انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومتیں غیرقانونی ہیں۔ عمران خان کے موقف کی حمایت کرتا اور انہیں اپنے اتحاد میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں، میں مارشل لاء کی پیداوار ضرور ہوں مگر اسکے نفاذ کا حامی نہیں، حکومتیں آئی ایس آئی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرتی ہیں، فوج کا آئینی کردار نیشنل سکیورٹی کونسل کے تحت ہونا چاہئے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں پرویز مشرف نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف تحریک چلانے والے عمران خان کے موقف کی تائید اور حمایت کرتے ہوئے کہاکہ وہ عمران خان کی تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں بھرپور دھاندلی ہوئی جس میں جسٹس افتخار چوہدری ملوث تھے۔ مشرف نے کہاکہ عام انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومتیں غیر قانونی ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیاکہ وہ مارشل لاء کی پیداوار ضرور ہیں مگر مارشل لاء کے نفاذ کا حامی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومتیں آئی ایس آئی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرتی ہیں، آئی ایس آئی کا سیاست میں کردار نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ’’بااختیار حکومت‘‘ بننی چاہئے، فوج کا آئینی کردار نیشنل سکیورٹی کونسل کے تحت ہو اور فوج کو گورننس پر چیک اینڈ بیلنس رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری بھی اتحاد کا حصہ بننا چاہیں تو خوش آمدید کہوں گا۔