15 دسمبر کی کال سے کوئی تعلق نہیں، فیصل آباد کا واقعہ عمران کی ترغیب کا نتیجہ ہے: تاجر رہنما
لاہور (این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز نے کہا ہے کہ ہمارا 15 دسمبر کی کال سے کوئی لینا دینا نہیں اور تمام تاجر اپنا کاروبار کھلا رکھیں گے۔ عوام اور تاجروں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور حکومت کو یہ ذمہ داری پوری کرنی چاہئے۔ موجودہ حالات کسی طرح بھی ملک و قوم کے حق میں نہیں، اس سے معیشت کی نبض ڈوبنا شروع ہو جائیگی۔ حکومت اور پی ٹی آئی دونوں مذاکرات کی میز پر بیٹھیں اور مسائل کا حل نکالیں۔ انجمن تاجران پاکستان کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں جو کچھ ہوا یہ سب عمران خان کی گزشتہ 3 ماہ کی جلائو گھیرائو کی ترغیب دینے کا نتیجہ ہے۔ انارکلی اور لاہور کے تاجر سانحہ فیصل آباد کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔