• news

15 دسمبر: پی ٹی آئی کی کال، لیگی کارکن سڑکوں پر نہیں آئیں گے

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کی 15 دسمبر کی کال کو ناکام بنانے کے لئے فیصلہ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے کارکن جوابی طور پر سڑکوں پر نہیں آئیں گے بلکہ حکومت پنجاب امن و امان برقرار رکھنے اور لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پارٹی تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ تحریک انصاف کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کے لئے سڑکوں پر ہرگز نہ آئیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے فیصل آباد میں تحریک انصاف کی ہڑتال کی ناکامی کے بعد تین مقامات پر گھیرائو جلائو کی کوششوں کو قانون شکنی قرار دیا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ لاہور کے تجارتی مراکز کو زبردستی بند کروانے کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی۔ دریں اثناء تاجر تنظیموں اور ٹرانسپورٹ تنظیموں کے عہدیداران نے گزشتہ روز میاں حمزہ شہباز سے ملاقاتیں کیں اور کہا کہ ہم اپنا کاروبار اور ٹرانسپورٹ کھلا رکھنے کے خواہاں ہیں۔ ہمیں حکومت تحفظ فراہم کرے کہ کوئی شرانگیز ہمیں نقصان نہ پہنچا سکے۔ معلوم ہوا ہے کہ پبلک افیئر یونٹ پنجاب کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے انہیں یقین دلایا ہے کہ پنجاب حکومت لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ علاوہ ازیں پاکستان ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے سربراہ چودھری ذوالفقار، پاکستان ٹرک ٹرالر موٹر اونرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں یاسر نصیر، چودھری ارشد، خواجہ اعجاز و دیگر نے تحریک انصاف کی 15 دسمبر کی ہڑتال کی کال کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور جام کرنے یا ہڑتال سے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچے گا۔

ای پیپر-دی نیشن