مناواں: اڑھائی سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق
لاہور (نامہ نگار) مناواں کے علاقہ میں اڑھائی سالہ بچے کی کھلے مین ہول سے نعش ملی ہے۔ بچے کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے بیٹے کو ہمسائے نے گٹر میں پھینک کر قتل کیا۔ بتایا جاتا ہے کے مناواں کے علاقہ گلشن یاسین نت گائوں کے رہائشی رکشہ ڈرائیور محمد اکبر کا اڑھائی سالہ بیٹا محمد مرتضیٰ گزشتہ صبح گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اچانک پر اسرار طور پر غا ئب ہوگیا۔ اسکے گھر والے تلاش کرتے رہے مگر کچھ پتہ نہ چل سکا۔ اہلخانہ نے تھانے میں گمشدگی رپٹ درج کرا دی جس کے کچھ گھنٹوں بعد محلے داروں نے ایک کھلے مین ہول میں بچے کی نعش دیکھ کر پو لیس کو اطلاع کی۔گٹر میں نعش کی اطلاع ملنے پر مرتضیٰ کے اہلخانہ وہاں آگئے جبکہ پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، انہوں نے بچے کی نعش کو گٹر سے نکالا۔ کمسن بیٹے کی نعش دیکھ کر ماں باپ نعش سے لپٹ کر روتے رہے۔ مرتضیٰ کے والد اکبرنے الزام عائد کیا کہ اسکے معصوم بیٹے کو ہمسایوں نے گٹر میں پھینک کر قتل کیا جس پر پو لیس نے نعش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خا نے جمع کرا دی اور تفتیش شروع کر دی۔ متوفی 4 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔ متوفی کی والدہ کو بار بار غشی کے دورے پڑتے رہے۔ اس بارے میں ایس ایچ او مناواں راحیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے متوفی بچے کے ہمسائے کو شامل تفتیش کرلیا ہے۔ بچہ خود کھیلتے ہوئے گٹر میں گرنے سے سے جاں بحق ہوا یا اسے کسی نے گٹر میں پھینک کر قتل کیا ہے، جلد ہی اصل صورتحال واضح ہوجائیگی جس کے بعد مزید کارروائی کی جائیگی۔ مزید براں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے مین ہول میں گر کر بچے کے جاںبحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔