ہر قسم کے امتیاز، انتہاپسندی کیخلاف قوم ملکر جدوجہد کرے: صدر، وزیراعظم کے پیغامات
اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کا مکمل عزم کررکھا ہے اور ریاست کے ہر شہری کی عزت، وقار اور آزادی کے تحفظ کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا آئین پاکستان شہریوں کو کسی ذات، رنگ یا نسل کے قطع نظر آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن طور موثر قانونی اقتصادی و سماجی فریم ورک مہیا کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ صدر نے کہا انسانی حقوق کے عالمی دن کا منایا جانا ہر سطح پر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کی جانب ہمارے ٹھوس عزم کا اظہار ہے۔ درحقیقت انسانی وقار کو سربلند رکھنا، انسانی حقوق کا تحفظ، انسانی آزادیوں کو یقینی بنانا اور مساوات ہمارے مذہب کے بنیادی اصول ہیں۔ آج کے دن تمام سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں، میڈیا، سول سوسائٹی اور شہریوں پر زور دیتے ہیں وہ آگے آئیں اور ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کسی بھی قسم کے امتیاز اور انتہا پسندی کیخلاف قوم ملکر جدوجہد کرے، حکومت قومی اتحاد کو فروغ دینے اور پاکستان کو قائداعظم کے وژن کے مطابق عظیم قوم بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا میں عالمگیر انسانی حقوق کو تسلیم کرنے کی علامت کے طور پر بین الاقوامی انسانی حقوق کے دن کی یاد کی پورے خلوص سے توثیق کرتا ہوں۔ میری حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی کے بہت سے اقدامات کا آغاز کیا ہے اور انسانی حقوق کے قومی کمشن کا قیام زیر عمل ہے۔ حکومت انسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کیلئے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر کی طرف سے کی گئی کوششوں کو سراہتی ہے۔