حکومت ایران پاکستان گیس پائپ لائن مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے: شاہد خاقان
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ایران پاکستان گیس پائپ لائن پراجیکٹ مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ملکی توانائی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ اہم ہے۔ حکومت نے منصوبے پر دو مرحلوں میں عملدرآمد کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے ۔ پہلے مرحلے میں گوادر پورٹ پر ایل این جی ٹرمینل لگایا جائیگا جبکہ دوسرے مرحلے میں گوادر سے نوابشاہ تک 42انچ قطر کی 700کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ایران پر عائد عالمی پابندیوں کی وجہ سے پاکستان اس منصوبے کی تکمیل کیلئے اپنے حصے کا کام مکمل نہیں کرسکا کیونکہ حکومت کی بھرپور کوشش کے باوجود اس منصوبے سے متعلق بنک، بین الاقوامی کنٹریکٹرز اور ایکوپمنٹ سپلائرز کام کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ توقع ہے منصوبے پر جلد کام شروع ہوجائیگا۔