قومی ٹیم کی بلائنڈ ورلڈکپ میں شکست کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے : عبدالرزاق
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عبدالرزاق نے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہونے والی شکست کے ذمہ داروں کا تعین ہونا ضروری ہے۔ افسوس اس بات کا ہے کہ پاکستان بلائنڈ ٹیم بھارت کے خلاف فائنل میں اچھا ٹوٹل بورڈ پر سجانے کے باوجود ہار گئی اس کی کیا وجوہات ہیں‘ منظرعام پر لائی جائیں۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم عالمی کپ کی دو مرتبہ کی چیمپئن ہے، کپتان سمیت بعض کھلاڑیوں کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے تیسری مرتبہ عالمی کپ کا ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس کی ذمہ داری کسی ایک پر نہیں عائد نہیں ہوتی پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو چاہئے کہ وہ ذمہ داران کا تعین کرئے نہ کہ فائنل ہارنے پر کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو شاباش دینا شروع کر دے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کی بہتری کے لئے میری خدمات ہر وقت حاضر ہیں۔