• news

مسلح افواج ملکی دفاع کی ضامن ہیں، دہشت گردی کے خلاف تمام ضروریات پوری کریں گے: وزیراعظم

اسلام آباد (تمائندہ خصوصی+آئی این پی) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی اور دفاع کی ضامن ہیں، پاک فضائیہ کا ملکی دفاع میں اہم کردار ہے۔ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے جاری آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی میں بھی فضائیہ نے اہم ذمہ داری انجام دی ہے‘ ملکی دفاع کو یقینی بنانے کیلئے فضائیہ سمیت افواج کی تمام ضروریات پوری کریں گے۔ وہ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے بدھ کو وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کیلئے پاک فضائیہ کے کردار کو خاص طور پر سراہا۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے فضائیہ کے افسران اور عملہ کی طرف سے متاثرین شمالی وزیرستان آپریشن کیلئے جمع کردہ 32 ملین روپے کا چیک وزیراعظم کو پیش کیا۔ دریں اثنا بلوچستان کے طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ طلبا مستقبل کے معمار ہیں۔ طلبا کی محنت سے پاکستان مزید مضبوط ہوگا۔ ملکی ترقی میں بلوچستان کا کردار دوسرے صوبوں کے برابر ہونے چاہئے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے لورا لائی سکول کے لئے ڈیڑھ کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔

ای پیپر-دی نیشن