غداری کیس: خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف جسٹس (ر) ڈوگر کی درخواست اعتراض لگا کر واپس
اسلام آباد (آئی این پی) رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کی درخواست اعتراض لگا کرواپس کردی اور کہاکہ خصوصی عدالت کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا، خصوصی عدالت کا اختیار ہائی کورٹ کے برابر ہوتا ہے، خصوصی عدالت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ عبدالحمید ڈوگر نے خصوصی عدالت کی جانب سے سنگین غداری کیس میں شریک ملزم بنانے کے حکم نامے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ 3 نومبر کی ایمرجنسی میں انکاکوئی کردارنہیں تھا۔ وہ انصاف کی کرسی پر بیٹھے تھے۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ، مشرف اور خصوصی عدالت کو فریق بناتے ہوئے کہاگیا کہ خصوصی عدالت کو یہ اختیار نہیں کہ وہ حکومت کو ان سمیت دیگر افراد کو غداری کیس میں شریک ملزم بنانے کی ہدایت دے۔