نوازشریف اور عمران مسائل حل کرنے کیلئے ملکر کام کریں: خورشید شاہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان خیبر پی کے میں گڈگورننس دینے میں ناکام ہو چکے ہیں، ریاست اور حکومت میں فرق کو سمجھنا چاہئے، ہم جمہوریت کیلئے حکومت کی نہیں ریاست کی حمایت کر رہے ہیں۔ بدھ کو مقامی ہوٹل میں پیپلز پارٹی ہیومن رائٹ سیل کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان ایکدوسرے سے مطالبے کرنا چھوڑ دیں، غریب کی بات ہر کوئی کرتا ہے۔ بڑے بڑے محلوں ، جاگیروں اور بادشاہتوں کے بعد بھی اپنے اقتدار کیلئے غریب کا لفظ انہیں اچھا لگتا ہے لیکن غریب کو اسپرو کی گولی دینا بھی انہیں اچھا نہیں لگتا، اقوام متحدہ نے اپنے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ نظر انداز کیا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز نہیں بلند کی، آج سوات اور پاکستان کی بیٹی کو نوبل امن انعام مل رہا ہے یہ ایک ملالہ کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی عوام کی سوچ ہے، اس پاکستانی بیٹی نے ملائیت اور نام نہاد اسلام کے ٹھیکیداروں کے خلاف قربانیاں دیں، قبل ازیں پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ میں متاثرین آپریشن کیلئے بھجوائے جانے والے امدادی سامان کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت آئی ڈی پیز کو بھول گئی ہے ، آئی ڈی پیز مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) سیاسی جنگ میں مصروف ہے۔ اقتدار کی جنگ کو ختم نہ کیا گیا تو کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ سندھ میں دھاندلی ہو تو دوسرے نمبر پر آنے والے کامیاب قرار دئیے جاتے ہیں جبکہ پنجاب میں ہو تو دوبارہ انتخابات کرائے جاتے ہیں۔ نواز شریف اور عمران خان عوام کو سنبھالنے اور مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں۔