(نوبل امن انعام تقریب کی جھلکیاں)
o… راحت فتح علی نے اللہ ہو، اللہ ہو سنایا، سردار علی نے پشتو گیت سے سماں باندھ دیا
o… گڑبڑ کرنے والا نوجوان گرفتار
سوات+ اوسلو (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی) یوسفزئی کے سوات میں استاد رحمن نے کہا ہے ملالہ جب بھی پاکستان آئیگی قوم کا بچہ بچہ انکو سپورٹ کریگا، وہ بچپن سے ہی ذہین اور ارادے کی پکی تھی۔ اوسلو میں ہونیوالی تقریب میں پاکستانی گلوکاروں راحت فتح علی خان، سردار علی اور بھارت سے سرود نواز استاد امجد علی خان نے فن کا مظاہرہ کیا۔ راحت فتح علی خان نے اللہ ہو، اللہ ہو سنا کر سب کو مسحور کر دیا۔ تقریب میں گڑبڑ کرنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرے جیکٹ بلیک ٹرائوزر پہنے اس نوجوان نے تقریب میں میکسیکو کا پرچم لہرایا۔ تقریب میں پشتو گلوکار سردار علی ٹکر کا پشتو گیس امن اور تعلیم کے فروغ کیلئے تھا۔ انہوں نے اپنی گلوکاری سے سماں باندھ دیا۔ تقریب میں اے این پی کے رہنما میاں افتخار اور سابق وزیراعظم گیلانی بھی موجود تھے۔ راحت فتح علی خان نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ جب اللہ کا نام آتا ہے تو سب زبانیں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ پاکستان کو یہ اعزاز ملا ہے تو یہ اللہ کی کرم نوازی ہے۔ تقریب میں بتانے کی کوشش کی گئی کہ دونوں ملکوں کیلئے خطے میں امن کتنا ضروری ہے، امن کے ساتھ رہنا چاہئے، دونوں ممالک اپنے وقار اور حدود میں رہتے ہوئے امن اور بھائی چارے سے رہ سکتے ہیں۔ جو کچھ ماضی میں ہو چکا وہ آئندہ نہیں ہونا چاہئے۔ خطے کی دو شخصیات کو نوبل انعام دینے کا مقصد یہ ہے کہ خطے میں امن قائم ہونا چاہئے۔