مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوجیوں نے 89ء سے اب تک 94136 کشمیریوں کو شہیدکیا
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں جنوری 1989سے اب تک 94,136بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا ہے جن میں سے 7,026کو دوران حراست شہیدکیا گیا ۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی جانب سے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق قتل کے ان واقعات سے 22,788خواتین بیوہ اور107,500بچے یتیم ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران فوجیوں نے 10,129خواتین کی بے حرمتی کی جبکہ 106,023عمارتوں کو تباہ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ان 25برسوںکے دوران بھارتی پولیس اور فوجیوں نے 8ہزار سے زائد افراد کو حراست کے دوران لاپتہ کیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ صرف گزشتہ چھ ماہ کے دوران بھارتی پولیس نے حریت رہنمائوں محمدیاسین ملک، شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بٹ، نعیم احمد خان، ظفر اکبربٹ، شبیر احمد ڈار، فاروق احمد ڈار، محمد یوسف نقاش، ایاز اکبر، عبدالاحدپرہ، سید بشیر اندرابی اور مولوی بشیر احمد سمیت ہزاروں نوجوانوںکو گرفتار کرلیاجبکہ سینکڑوں کشمیری کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مختلف جیلوںمیں قید ہیں۔