• news

پاکستان اور ایران کا سرحدوں کی مینجمنٹ کا نظام اَپ گریڈ کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان اور ایران سرحدوں کی مینجمنٹ کے نظام کو اپ گریڈ کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ اور ان کے رفقاء پاکستان میں اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے پر بات چیت کے لئے آئے تھے لیکن ایک اعلیٰ سطح کے سفارتی ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان سرحد پر ہونے والے ناخوشگوار واقعات پر قابو پانے کے لئے پاک ایران مشترکہ اقتصادی کمشن کے اجلاس میں پاک ایران سرحد کے انتظامی میکنزم کو بہتر بنانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور ایران کی سرحد سے بڑے پیمانے پر سمگلنگ ہو رہی ہے۔ بعض اوقات سمگلر فائرنگ کے واقعات میں ملوث ہوتے ہیں جس سے غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں۔ پاک ایران سرحد پر سمگلر‘ اغواء کرنے والے گروہ اور دہشت گرد تنظیمیں حالات خراب کرتی ہیں۔ پاک ایران سرحدی مینجمنٹ کو اپ گریڈ کرنے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ  غیرقانونی نقل و حرکت اور تخریب کاری کو روکنے کیلئے ایک بہتر میکنزم تیار کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں پاک ایران سرحد پر ناخوشگوار واقعات کی روک تھام ہو سکے گی۔

ای پیپر-دی نیشن