لیجنڈ اداکار دلیپ کمار آج 93 برس کے ہوجائینگے سالگرہ پرہسپتال سے ڈسچارج کیا جائیگا
ممبئی (نیوز ڈیسک) برصغیر کے لیجنڈ اداکار محمد یوسف خان المعروف دلیپ کمار آج 93 برس کے ہوجائینگے۔ آج سالگرہ کے روز انہیں ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال سے ڈسچارج کیا جائیگا جہاں وہ تین روز سے ٹھنڈ لگنے، بخار اور زکام کے باعث داخل ہیں۔ وہ 11 دسمبر 1921ء کو پشاور کے تاجر آغا محمد سرور کے ہاں پیدا ہوئے۔ آغا محمد سرور بسلسلہ روزگار بیوی بچوں سمیت ممبئی منتقل ہوگئے اور پھلوں کی فروخت کا کاروبار شروع کیا۔ دلیپ کمار اسی کاروبار سے وابستہ تھے، ایک دن دکان پر اداکارہ دیوکا رانی خریداری کیلئے آئیں اور خوبرو یوسف خان کو فلموں میں کام کرنے کا مشورہ دیا۔ دیوکا کے کہنے پر دلیپ کمار کو فلم ’’جوار بھاٹا‘‘ میں متعارف کرایا گیا مگر اصل شہرت فلم ’’جگنو‘‘ نے دی جو ملکہ ترنم نورجہاں کے ساتھ تھی۔