بانکی مون کو عافیہ کیساتھ ظلم و ستم کے 4273 دن کیوں نظر نہیں آئے: فوزیہ صدیقی
کراچی (لیڈی رپورٹر) امریکہ میں 86 سالہ قید کا شکار ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کہتے ہیں کہ اب سال میں ایک بار نہیں بلکہ ہر روز انسانی حقوق کا دن منائیں گے اور کہیں بھی انسانی حقوق کی پامالی برداشت نہیں کریں گے تو وہ بتائیں اقوام متحدہ ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ 4723 دنوں سے انسانی حقوق کی پامالیوں پر کیوں خاموش ہے؟ پاکستانی و امریکی حکومتیں قوم کو بتائیں کہ ڈاکٹر عافیہ کس حال میں ہے؟ وہ زندہ بھی ہے یا نہیں؟ وہ عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے ’’الائنس فار ہیومن رائٹس‘‘ کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کررہی تھیں۔ مظاہرین نے امریکی پرچم سے لپٹا ہوا علامتی تابوت، ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ڈاکٹر عافیہ‘ تامیر رائس‘ مائیکل برائون‘ ڈرون حملوں‘ گوانتاناموبے اور بان کی مون کی تصاویر موجود تھی۔ مسلم لیگ (ن)‘ تحریک انصاف‘ جماعت اسلامی‘ ہیومن رائٹس نیٹ ورک‘ کراچی تاجر اتحاد‘ خاکسار تحریک‘ پاسبان‘ بزنس اینڈ پروفیشنل وومن فورم سمیت وکلائ‘ طلبا اور انسانی حقوق ورکرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ فوزیہ صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جا رہا۔ کیا اسی کو انسانی حقوق کہتے ہیں کہ امریکی فوجیوں کو خراش تک نہ آئے اور عافیہ کو بچوں سمیت اغوا کرکے 12سالوں سے ظلم و ستم کو نشانہ بنا دیا جائے۔ اقوام متحدہ اس بات کا نوٹس کیوں نہیں لیتی۔ فوزیہ صدیقی نے کہا کہ 2015ء کو عافیہ کا سال قرار دیکر سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔ عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی عالمی امن کی طرف لوٹ آنے کیلئے پہلا قدم ثابت ہوگی۔