عرب شخصیات کو شکار کا لائسنس دینے کیخلاف درخواست، عدالت کا وزارت خارجہ پر اظہار برہمی
لاہور (خبرنگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شمس مرزا نے عرب شخصیات کو مہمان پرندوں کے شکار کیلئے لائسنس جاری کرنے کیخلاف درخواست پر وزارت خارجہ کی جانب سے جواب جمع نہ کروانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر جواب داخل نہ کرایا گیا تو سیکرٹری خارجہ کو طلب کیا جائیگا۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے سردار کلیم الیاس ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کر رکھا ہے کہ وزارت خارجہ نے عرب شخصیات کو شکار کیلئے 62 لائسنس جاری کر رکھے ہیں جبکہ پاکستان میں مہمان پرندوں کا شکار کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ ہائیکورٹ اس سے قبل شکار کیلئے جاری کئے گئے باسٹھ لائسنسوں کے خلاف حکم امتناعی جاری کرچکی ہے لہٰذا لائسنس معطل کر کے عرب شخصیات کو مہمان پرندوں کے شکار سے روکا جائے، عدالت نے گزشتہ سماعت پر وزارت خارجہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا تھا۔ عدالت نے سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔