خلیج تعاون کونسل کا انسداد دہشت گردی ، داعش سے نمٹنے کے لئے مشترکہ پولیس اور نیوی کے قیام کا اعلان
دوحہ (اے پی پی+این این آئی) خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس میں علاقائی سطح پر ایک مشترکہ پولیس فورس اور نیو ی کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسلامک اسٹیٹ کے انتہا پسندوں کے بڑھتے ہوئے خطرات پر تحفظات رکھنے والے ان 6 خلیجی ممالک کے نمائندوں نے گزشتہ روز دوحہ میں ایک ملاقات کے بعد کہا کہ مشترکہ پولیس فورس کا صدر دفتر ابو ظہبی جبکہ مشترکہ نیول فورس کا ہیڈ کوارٹر بحرین میں قائم کیا جائے گا۔ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے اور علاقائی امن واستحکام کی خاطر انٹرپول کے طرز پر رکن ممالک کی علاقائی پولیس اور مشترکہ نیوی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جی سی سی کے پینتیسویں سالانہ سربراہ اجلاس کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیے میں بلاک کے لیڈروں نے یمن اور شام میں جاری بحرانوں کے سیاسی حل پر زور دیا ہے اور لیبیا میں بروئے کار ملیشیا اور تشددکی مذمت کی ۔