لاہور میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر 35 شہریوں کو قتل کر دیا گیا
لاہور (میاں علی افضل سے) رواں سال لاہور میں ڈاکوﺅں نے لوٹ مار کے دوران 35 شہریوں کو گولیاں مار کر قتل کیا اور 3 کروڑ 32 لاکھ 7 سو 83 روپے لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ پولیس اس رقم میں سے صرف 95 ہزار روپے ریکوری کرنے میں کامیاب ہو سکی۔ پولیس ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی 54 فیصد وارداتوں کے ملزمان کا سراغ لگانے میں تاحال ناکام ہے، 15کیسوں کی انوسٹی گیشن ہی مکمل نہیں کی جا سکی۔ شہریوں کو لوٹ مار کے بعد قتل کرنے والے ملزمان آزاد جبکہ مقتولین کے ورثاءتھانوں، کچہریوں میں خوار ہو رہے ہیں۔ سٹی ڈویژن کے تھانوں میں 8 شہریوں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور 18لاکھ 8ہزار 664 روپے لوٹ کر ڈاکو فرار ہو گئے جبکہ پولیس صرف 5 ہزار روپے ریکوری کر سکی۔ کینٹ ڈویژن کے تھانوں میں ڈاکوﺅں نے 5 افراد کو قتل کر دیا اور 6 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ پولیس ایک روپیہ بھی ریکوری نہیں کر سکی۔ سول لائن ڈویژن کے تھانوں میں 5 شہریوں کو لوٹ مار کے بعد قتل کیا گیا اور 65 ہزار روپے لیکر فرار ہو گئے۔ صدر ڈویژن کے تھانوں میں بھی 5 شہریوں کو ڈاکوﺅں نے لوٹ مار کے دوران قتل کردیا اور 32لاکھ 36ہزار 6سو19روپے لوٹ کر لے گئے۔ اقبال ٹاﺅن ڈویژن کے تھانوں میں ڈاکوﺅں نے 3 شہریوں کو قتل کرکے1لاکھ 47ہزار 5 سوروپے لوٹ لئے۔ ماڈل ٹاﺅن ڈویژن کے تھانوں میں ڈاکوﺅں نے لوٹ مار کے دوران 9 شہریوں کو لوٹ مار کے بعد گولیاں مار کر قتل کر دیا اور مجموعی طور پر 2کروڑ 73لاکھ 43 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ پولیس صرف 90 ہزار روپے ریکوری کرنے میں کامیاب ہوئی۔
ڈکیتی مزاحمت/ قتل