عوام سیاسی بحران کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں، مذاکرات سے جمہوری عمل مستحکم ہوگا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام ملک میں چار ماہ سے جاری سیاسی بحران کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں، جماعت اسلامی اس ملک کے غریب اور مظلوم لوگوں کی آواز بنے گی۔ 25 دسمبر کو کراچی میں پاکستان کو پرامن اور خوشحال بنانے کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایک بڑے استقبالیہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ موجودہ بدامنی اور غیر یقینی صورتحال کا جتنی جلد ممکن ہو خاتمہ ہونا چاہئے۔ حکومت اور پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کی بحالی اور کمیٹیوں کا قیام انتہائی مثبت پیشرفت ہے، دونوں فریقوں کو موقع کو غنیمت جانتے ہوئے تمام خدشات اور تحفظات کو پس پشت ڈال کر مذاکرات کی میز پر بیٹھ جانا چاہئے۔ بہت سی قوتیں مذاکرات کو سبوتاژ اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی تاک میں ہیں۔ مذاکراتی عمل جتنا پراعتماد اور شفاف ہوگا اتنا ہی اس کی کامیابی کے امکانات بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی طرف سے مثبت رویوں سے قوم کو ایک نیا حوصلہ ملا ہے۔ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات سے جمہوری عمل مستحکم ہوگا۔
سراج الحق