پورا کراچی عمران کا ہے، جہاں چاہیں احتجاج کریں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے: خورشید شاہ
اسلام آباد (ایجنسیاں) خورشید شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور حکومت آپس میں سنجیدہ مذاکرات کریں کہیں ایسا نہ ہو کہ دونوں کے ہاتھ کچھ نہ لگے، جوڈیشل کمشن کے انتخابی عمل کے بارے میں فیصلے کو سیاسی جماعتوں کو تسلیم کرنا ہوگا۔ ایم کیو ایم سے اپیل ہے کہ الطاف بھائی کو سینیٹر منتخب کرائیں ان کی زندگی کی حفاظت اللہ تعالیٰ خود کرے گا۔ چاروں صوبائی الیکشن کمشنر مستعفی ہوں بصورت دیگر پیپلز پارٹی چیف الیکشن کمشنر کو ان کے مستعفی ہونے کے لئے خط لکھے گی۔ مذاکرات شروع ہوتے ہی عمران کو احتجاج ملتوی کر دینا چاہیے۔ سپریم جوڈیشل کمشن کے قیام کے حوالے سے قوانین میں ترمیم کرنا پڑتی ہے تو اس میں دیر نہیں کرنی چاہیے۔ جو سیاسی جماعت جوڈیشل کمشن کا فیصلہ نہیں مانے گی حالات خراب کرنے کی ذمہ داری بھی اسی پر ہوگی۔ عمران نے کنٹینر پر کھڑے ہو کر شاہ محمود قریشی نے موبائل لہرا کر مذاکرات کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ اب تحریک انصاف نے یہ سمجھ لیا ہے کہ ان کے لئے تین سال تک تحریک چلانا مشکل ہوگیا ہے۔ ایم کیو ایم سے اپیل ہے کہ وہ پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ ڈالے۔ پورا کراچی عمران کا ہے، وہ جہاں چاہیں احتجاج کریں، سندھ حکومت رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ مذاکرات شروع ہوجائیں تو عمران خان کیلئے بہتر ہوگا کہ کراچی احتجاج کی کال واپس لیں، ملک میں اچھا ماحول ہوجائے گا۔ ہمارے کارکن عمران کو ہرگز نہیں روکیں گے۔
خورشید شاہ