• news

چہلم حضرت امام حسینؓ آج ہو گا، لاہور سمیت سندھ، بلوچستان کے کئی اضلاع میں جلوس کے روٹس پر موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا چہلم آج (20 صفرالمظفر) ہفتہ کو نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں مساجد، امام بارگاہوں سمیت مختلف مقامات پر سیمینارز اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا جس میں علماء کرام و ذاکرین حضرت امام حسینؓ کی سیرت کردار، شجاعت اور صبر پر روشنی ڈالیں گے۔ مجالس کے اختتام پر علم، ذوالجناح اور تعزیہ کے جلوس بھی برآمد ہونگے۔ لاہور میں تعزیہ کا مرکزی جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کے راستوں پر دودھ اور پانی کی سبیلوں کے علاوہ شرکاء میں لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ مزید برآں نوائے وقت نیوز کے مطابق چہلم امام حسینؓ کے موقع پر لاہور سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف حساس علاقوں میں موبائل سروس بند رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی حکام نے لاہور میں کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے جس کے تحت آج شہر میں موبائل فون سروس بھی بند کرنے اور جلسے جلوسوں کی فضائی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چہلم امام حسینؓ پر حکومت نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کرنے اور اہم شاہرائوں پر خصوصی سکیورٹی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید برآں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر سندھ کے چار شہروں اور بلوچستان کے سات اضلاع میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی، حیدر آباد، خیرپور اور لاڑکانہ میں موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش کر دی۔ سیکرٹری داخلہ سندھ کے مطابق چاروں شہروں میں چہلم کے جلوس کے اطراف موبائل سروس بند رکھنے کی وفاقی وزارت داخلہ کو سفارش کر دی۔ بلوچستان کے 7 اضلاع میں بھی موبائل فون سروس بند رکھنے کیلئے سیکرٹری داخلہ نے وفاق کو خط لکھ دیا جبکہ 9 اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ موبائل سروس صبح سات بجے سے رات 9 بجے تک بند رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن