بجلی سستی کرنے کا اعلان بھی خیبر پی کے میں کیا پرویز خٹک نوازشریف کے استقبال کیلئے نہ آئے
پشاور (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان شدید اختلافات اور کشیدگی کے اثرات وفاقی اور تحریک انصاف کی خیبر پی کے کی صوبائی حکومت کے درمیان بھی واضح طور پر نظر آئے‘ وزیراعظم نوازشریف کا خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور آمد پر استقبال نہ کرکے 1990ء کے دور کی یاد تازہ کردی اس وقت نوازشریف بطور وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعظم بے نظیر بھٹو کا استقبال نہیں کرتے تھے۔ وزیراعظم نوازشریف بلور خاندان سے عثمان بلور کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے جمعہ کو پشاور پہنچے۔ اس موقع پر کوئی صوبائی وزیر بھی نہیں تھا وزیراعظم کا استقبال گورنر خیبر پی کے مہتاب عباسی‘ چیف سیکرٹری اور آئی جی سمیت اعلیٰ حکام نے کیا اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کیلئے بھی خیبر پی کے کا انتخاب کیا‘ وزیراعظم نے 29نومبر کو حویلیاں میں ہزارہ موٹر وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا تھا اور اب بجلی کی قیمتوں میں 2.32 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان پشاور میں گورنر ہائوس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے پٹرول کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی کا خیبر پی کے میں اعلان کرکے نہ صرف تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو عوام کے لئے عملی اقدامات کرنے کا واضح پیغام دیا اس کے ساتھ ساتھ سیاسی طور پر بھی تحریک انصاف پر زور بڑھایا۔ پشاور میں عین اس وقت بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا جب کراچی میں تحریک انصاف کا شہر بند کرکے احتجاج جاری تھا۔