• news

احتساب عدالت: آصف زرداری اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنسز میں بری

اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کو اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنسز میں بری کردیا، گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر کی جانب سے اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنسز میں بریت کی درخواست پر سماعت کی، بریت کی درخواستوں پر سابق صدر آصف زرداری کے کونسل فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کیخلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے گئے۔ ریفرنسز میں مرکزی ملزم بری ہوچکے لیکن انکے موکل کیخلاف ابھی تک مقدمہ چلایا جارہا ہے حالانکہ مرکزی ملزموں کے بری ہوجانے پر شریک ملزم کیخلاف مقدمہ چلانا خلاف قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے موکل کا صدارتی استثنیٰ کے باعث پہلے ٹرائل نہیں ہوسکا۔ نیب پراسیکیوٹر چودھری ریاض نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کیخلاف ٹھوس شواہد ہیں جو عدالت میں پیش کئے گئے۔ اس موقع پر نیب کی جانب سے جواب الجواب جمع کرایا گیا جبکہ سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے آصف زرداری کو اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنس میں بری کرتے ہوئے نیب کے موقف کو مسترد کردیا۔ سابق صدر کے خلاف مزید 2 ریفرنسز کوٹیکنا اور ایس جی ایس ریفرنس کی سماعت 17 دسمبر کو ہوگی۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت سابق صدر کو پولو گرائونڈ ریفرنس سے پہلے ہی بری کرچکی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن