پلان سی معیشت پر خودکش حملہ ہے، کراچی بند کرنے سے 80ارب کا نقصان ہوا: ترجمان پنجاب حکومت
لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عمران خان کو ملک کے سب سے بڑے تجارتی مرکز میں اربوں روپے کا معاشی نقصان کر کے خوشی ہوئی ہو گی اور انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والی لیبر اور چھوٹے دکانداروں کو روزگار سے محروم رکھ کے کتنی دعائیں حاصل کی ہوں گی؟ کیا نیا پاکستان ملک کو افراتفری میں ڈالنے اور معیشت تباہ کرنے کا نام ہے؟ سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ مذاکرات کے اعلان کے بعد صورتحال کو تبدیل ہو جانا چاہئے تھا لیکن ابھی تک عمران خان کے اشتعال انگیز بیانات نفرت کے بیج بو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں تحریک انصاف کو پُرامن احتجاج کو یقینی بنانا چاہئے۔ حکومت کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔عوام نے احتجاجی سیاست کی بجائے ملک کی تعمیر اور ترقی کے لئے مینڈیٹ دیا اور حکومت اس مشن کی تکمیل جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کو معاشی دہشت گردی کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، فیصل آباد میں معیشت کو ایک دن میں 20ارب روپے کا نقصان ہوا۔ کراچی میں 70سے 80ارب کا نقصان ہوا، لاہور بند کر کے معیشت کو کمزور کرنا عمران خان کی سازش ہے۔ عمران خان کا پلان سی معیشت پر خود کش حملہ ہے۔ لاہور کے 95 فیصد تاجر 15 دسمبر کو اپنی دکانیں بند نہیں کرنا چاہتے حکومت ان تاجروں اور عوام کے بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ کرے گی۔ کسی کو طلباکے سکول جانے، محنت کشوں و ملازمین کو اپنے سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں ڈیوٹی پر پہنچنے اور خوانچہ فروشوں و ریڑھی بانوں کے روزی کمانے کے راستے میں کسی کو رکاوٹ کھڑی کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
ترجمان حکومت پنجاب