• news

حکومت قرضہ سکیم کے نئے سربراہ کی تعیناتی میں تعلیم اور تجربے کو مدنظر رکھے: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) حکومت یوتھ لون سکیم کے نئے سربراہ کی تعیناتی میں تعلیم اور تجربے کو مدنظر رکھے۔ لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کو چیئرپرسن یوتھ لون سکیم کے عہدے سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ کی طرف سے تحریر کردہ پانچ صفحات کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیئرپرسن یوتھ لون سکیم میں عوام کے ٹیکسوں کے 9 ارب روپے کا معاملہ ہے، حکومت اس عہدے پر تعیناتی کیلئے شفاف اور تمام قواعد وضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی تعیناتی کرے اور اس تعیناتی میں تعلیم اور تجربے کو بھی مدنظر رکھا جائے، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عوام کے پیسے کی تقسیم شفاف انداز میں ہونی چاہئے۔ تحریک انصاف کے کارکن زبیر نیازی نے شیراز ذکاءایڈووکیٹ کی وساطت سے مریم نواز کی تعیناتی کو چیلنج کیا تھا جس کی کارروائی کے دوران مریم نواز نے ازخود اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔
قرضہ سکیم/ ہائیکورٹ

ای پیپر-دی نیشن