• news

بجلی کی قیمتوں میں کمی، الطاف حسین اور تاجر رہنماﺅں کا خیرمقدم

لاہور+ کراچی (کامرس رپورٹر+ اے پی پی) کاروباری برادری نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ کمی کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور بجلی کے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے صنعتی شعبے کے لیے اچھی خبر قرار دیا ہے جو بجلی کا سب سے بڑا استعمال کنندہ ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز، فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدارتی امیدوار میاں انجم نثار، سابق سینئرنائب صدر شیخ محمد ارشد، ایگزٹیو کمیٹی ممبر خواجہ خاور رشید، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی اور پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیرمین عاصم رضا احمد نے کہا کہ یہ فیصلہ مینوفیکچرنگ سیکٹر پر سے دباﺅ کم کرے گا جو بجلی اور گیس کی قلت کے مسائل کا سامنا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی بتدریج گرتی قیمتوں کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات میں مزید کمی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی اور غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے مثبت اقدامات کاروباری ماحول بہتر کریں گے اور تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔ دوسری طرف ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی وزیراعظم کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان غریب و متوسط طبقے کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم عوامی کی بہتری کیلئے ہر حکومتی اقدام کا خیرمقدم کرتی رہے گی۔ امید ہے وزیراعظم بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اثرات نچلی سطح تک یقینی بنائیں گے۔
تاجر/ خیرمقدم

ای پیپر-دی نیشن