فیصل آباد: فائرنگ کا مرکزی ملزم 2 ساتھیوں سمیت گرفتار
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) باوثوق ذرائع کے مطابق 8 دسمبر کو سمندری روڈ ناولٹی پل پر فائرنگ کرنے والے مرکزی ملزم کو خفیہ ادارے نے 2 ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 8 دسمبر کو تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں تصادم کے دوران سیدھی فائرنگ کرنے والے نوجوان اور اسکے ساتھیوں کو گزشتہ رات خفیہ اداروں نے تھانہ بلوچنی کے نواحی علاقے سے حراست میں لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ وہی شخص ہے جس کو مختلف ٹی وی چینلز نے فائرنگ کرتے ہوئے براہ راست دکھایا تھا۔ ملزم کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تاہم مقامی پولیس اس کی تصدیق نہیں کر رہی۔ ملزم سے تفتیش کے بعد اہم انکشافات متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے مرکزی ملزم کی شناخت عثمان عرف شینی کے نام سے بتائی جاتی ہے جبکہ اسکے دیگر دو ساتھیوں میں حافظ نامی اور عمران بتائے گئے ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ملزموں کا تعلق کالعدم تنظیمیں سپاہ صحابہ (جھنگوی گروپ) سے ہے۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق خفیہ ایجنسی نے تحقیقات کے بعد ملزمان کی تفصیل تصاویر کے ساتھ پنجاب کی انتظامیہ کے سپرد کردیں۔ گروہ کا سرغنہ پرویز جٹ نامی شخص ہے جو ناولٹی پل کے قریب رہتا ہے۔ فائرنگ کرنے والا دوسرا افضال نامی شخص پرویز جٹ کا رشتے دار ہے۔ تیسرے ملزم کی شناخت اشفاق کے نام سے ہوئی۔ فوٹیج میں پستول تھامے باریش نظر آنے والا شخص پرویز جٹ کا گن مین ہے۔ فائرنگ کرنے والوں میں چیتا نامی شخص بھی شامل ہے۔
مرکزی ملزم گرفتار