تحریک انصاف کیلئے پیپلز پارٹی کا نرم گوشہ معنی خیز ہے‘ شیخ رشید نے بھی کردارادا کیا
کراچی (رپورٹ شہزاد چغتائی) تحریک انصاف کے احتجاج کے موقع پر کر اچی کی بندش سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی۔ تحریک انصاف کے مخالفین نے کراچی میں کامیاب ہڑتال کو ایم کیو ایم کی خاموش حمایت کا مرہون منت قرار دیا۔ ان حلقوں کے مطابق پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ایک دن پہلے پی ٹی آئی کوگرین سگنل دیدیا تھا اور احتجاج کو عمران خان کا آئینی اور جمہوری حق قرار دیا تھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے خاص طور پر پریس کانفرنس کرکے تحریک انصاف کے دھرنوں اور قیادت کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بلی تھیلے سے باہر آگئی۔ اس سے قبل وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے اعلان کیا تھا کہ کراچی بند نہیں ہونے دیں گے لیکن جمعرات کو پیپلز پارٹی نے یوٹرن لے لیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کےلئے پیپلز پارٹی کا نرم گوشہ بڑھ رہا ہے جو کہ معنی خیز ہے۔ اس سے قبل اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا تھا حکومت نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات نہیں کئے تو ہم ساتھ نہیں دیں گے جبکہ سابق صدر زرداری نے کہا تھا کہ حکومت اس وقت گر ے گی جب ہم چاہیں گے۔ حقیقت یہ ہے کہ جمعہ کو کراچی میں پروٹوکول کے ساتھ ہڑتال ہوئی اور پرامن گھیراﺅ جلاﺅ ہوا‘ عمران کو کراچی آمد پر مکمل پروٹوکول دیا گیا وہ سکیورٹی کے ساتھ احتجاجی دھرنوں سے خطاب کرنے گئے تحریک انصاف کی کامیاب ہڑتال پر عام لوگوں نے نوائے وقت کو استفسار پر بتایا کہ ایم کیو ایم کی حمایت کے بغیر کراچی میں کامیاب شٹر ڈاﺅن کامیاب نہیں ہوسکتا تھا۔ ہڑتال میں شیخ رشید کے کردار کو بھی اہم قراردیا گیا۔ بعض شہریوں نے کہا کہ شہر کو غنڈہ گردی کے ذریعہ بند کرایا گیا‘ گھیراﺅ جلاﺅ کا کوئی جواز نہیں تھا۔
سیاسی حلقے