برصغیر میں امن پاکستان بھارت تعلقات سے جڑا ہے: فضل الرحمن
برلن (آن لائن) فضل الرحمن نے کہا ہے کہ برصغیر میں امن براہ راست پاکستان بھارت تعلقات سے جڑا ہوا ہے۔ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر عوامی اُمنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے مخلصانہ کوششیں کرنی چاہئے۔ جرمنی کے پاک افغان ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر ذانیسین سے بات چیت میں فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان اور بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے پابند ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری کی راہ میں مسئلہ کشمیر سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام ایشوز ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں رہا ہے تاہم بھارت نے غیرضروری بہانوں کی آڑ میں کمپوزٹ ڈائیلاگ روکے ہوئے ہیں۔ انہوںنے ڈاکٹر تھامس اور جرمن وزارت خارجہ کے دیگر حکام کو آپریشن ضرب عضب سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی ایسے وقت میں کڑی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ جب پاک فوج قبائلی علاقوں میں انتہا پسندوں کیخلاف آپریشن میں مصروف ہے تو بھارت کو ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے روکا جائے۔