بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میں کرپشن اور سزائے موت پر پابندی کیخلاف ق لیگ نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دیں
لاہور (آئی این پی) (ق) لیگ نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن لاہور میں کاغذ کی خریداری میں 5کروڑ روپے خورد برد کرنے اور سزائے موت پر پابندی کی وجہ سے قومی خزانے کو 4سال میں قیدیوں کے اخراجات کی مد میں67کروڑ 93لاکھ روپے کے فنڈز خرچ ہونے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروا دی۔ عامر سلطان چیمہ اور خدیجہ عمرکی جمع کروائی جانے والی تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ پھانسی پر پابندی کے نتیجے میں پنجاب کی 32جیلوںمیں 44خواتین سمیت 5ہزار 815سزائے موت کے قیدیوں کی موجودگی کی وجہ سے ان پر آنے والے اخراجات کی مد میں سرکاری خزانے کو سالانہ 16کروڑ روپے نقصان ہو رہا ہے۔ دوسری تحریک التوائے کار میں (ق)لیگ کے اراکین اسمبلی نے کہاکہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن لاہور میں بورڈ انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر نے اپنے قریبی عزیز کو نوازنے کیلئے کاغذ کی خریداری کا ٹھیکہ دے کر 5کروڑ روپے خورد برد کئے جو بہت بڑی کرپشن ہے۔