لاہور بار کے وفد کی ملاقات، ملک منفی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف سے لاہور بار کے صدر چوہدری اشتیاق احمد کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ لاہور بار نے منفی سیاست پر تنقید اور 15 دسمبر کے احتجاج سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر شہبازشریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ تھانے کچہری میں خلق خدا کی شنوائی کیلئے وکلاء برادری کو مزید متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔ بار ایسوسی ایشنز کو بھی سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ وکلاء نے آزاد عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں انتہائی مثبت کردارادا کیا ہے۔ پنجاب میں ہر سطح پر میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا منصوبہ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے انتہائی اہم ہے۔ 14 ارب روپے کی لاگت سے اس منصوبے کو جلد مکمل کرلیا جائیگا۔ پاکستان کسی بھی صورت میں منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ احتجاجی سیاست نے ملکی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔ صدر بار چوہدری اشتیاق احمد نے کہا کہ وکلاء برادری منفی سیاست کو ملک کیلئے نقصان دہ سمجھتی ہے اسلئے دھرنا سیاست کی ہر فورم پر حوصلہ شکنی کی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میںدرآمدی کوئلے کی کول پاور پراجیکٹس تک ترسیل کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور درآمدی کوئلے کی ریلوے کے ذریعے کول پاور پراجیکٹس تک ترسیل کے عمل کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اور تیزرفتار اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب میں چھوٹے کول پاور پراجیکٹس لگانے کیلئے بھی مقامات کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق ایم پی اے حاجی اللہ رکھا کے والد چوہدری برکت، سپریم کوٹ کے سابق جج میاں محمد نجم الزماں کی والدہ اور معروف دانشور پروفیسر غلام رسول آزاد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔