مظفر گڑھ: چہلم امام حسینؓ پر تخریب کاری کا منصوبہ ناکام،4 دہشت گرد ہلاک، بھارتی ، روسی اسلحہ برآمد
مظفر گڑھ/ لاہور (ایجنسیاں) مظفرگڑھ میں چہلم امام حسینؓ کے موقع دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فائر نگ کے نتیجے میں تین پولیس کانسٹیبل عالمگیر، سجاد اور طارق زخمی ہوگئے، مارے جانیوالے دہشت گردوں کی شناخت ابوذرعمر، محمد نور عرف ابوبکر، عمیر محمود اور سلطان محمود عرف کے ناموں سے ہوئی۔ دہشت گردوں کے قبضہ سے بھارتی اور روسی ساختہ اسلحہ میں 12 راکٹ، خود کش جیکٹس، 6 کلاشنکوف، 40 گرنیڈ 328 کلوگرام بارودی مواد اور پولیس کی وردیاں برآمد ہوئیں۔ دہشت گردوں کے پاس مختلف ناموں کے ڈرائیونگ لائسنس، پاسپورٹ، سٹوڈنٹس کارڈز اور تحریک غلبہ اسلام نامی تنظیم کا لٹریچر برآمد ہوا۔ دہشت گردوں کا تعلق پنجابی طالبان کے ابوعبیدہ عرف اسلم گروپ سے تھا۔ ہفتہ کو پولیس نے تھانہ صدر مظفر گڑھ کے علاقے پیر محمد موسیٰ میں ایک مکان پر چھاپہ مارا تو کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد پر ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دہشت گرد چہلم کے جلوس میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔ مظفر گڑھ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن بھی کیا۔ ڈی پی او مظفر گڑھ رائے ضمیر الحق نے بتایا مرنیوالے دہشت گرد انتہائی خطرناک تھے جو مظفرگڑھ میں تباہی پھیلانا چا ہتے تھے۔ اس سے قبل یہ دہشت گرد خیبر پی کے میں بھی کئی وارداتوں کے دوران دہشت گردی کی وارداتیں کرچکے ہیں۔ دہشت گرد بنک ڈکیتیاں کرکے کالعدم تنظیم کیلئے فنڈز اکٹھا کرتے تھے، اس گینگ نے مظفرگڑھ کے علاقے سنانواں میں بنک ڈکیتی کی اور ڈیرہ غازیخان اور ملتان کے دو، دو بنکوں کو بھی لوٹ چکے ہیں۔ انہوں نے ملتان کے تھانہ الپہ کے علاقے سے ایک سینئر بیورو کریٹ کو بھی اغوا کیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے پر مظفرگڑھ پولیس کے حکام اور اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔