ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا
لاہور (سپیشل رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ کا چہلم انتائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ لاہور میں چہلم حضرت امام حسینؓ کا مرکزی جلوس اندرون دہلی گیٹ سے پونے نو بجے الف شاہ حویلی سے برآمد ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا گامے شاہ پر اختتام ہوا۔ جلوس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ عزاداروں کو جامہ تلاشی کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ جلوس کے روٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے پولیس اور رضاکاروں کی بھاری نفری نے شرکاء کو واک تھرو گیٹ سے گزارتے ہوئے جلوس میںداخلے کی اجازت دی۔ عزاداران امام حسینؓ نے روایتی جوش جذبے کیساتھ جلوس ہائے عزاء میں بھرپور شرکت کی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور علامہ امین شہیدی نے راولپنڈی جلوس چہلم سید شہداء میں شرکت کی۔ لاہور میں مرکزی جلوس کے راستوں میں مجلس وحدت مسلمین لاہور کی جانب سے کیمپس کا انعقاد کیا گیا جہاں عزاداروں کی سہولیات کے لئے سبیل، میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جلوس میں خواتین، بچے بوڑھے اور معذور افراد نے شرکت کرکے امام عالی مقام اور شہدائے کربلا کو خراج عقید ت پیش کیا۔کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا امام بارگاہ حسیناں کھرادر پر اختتام پذیر ہوا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں اہل تشیع کی جانب سے جلوس نکالا گیا اور فوارہ چوک میں مجلس عزا منعقد ہوئی ذاکرین نے نواسہ رسولؐ اور اہل بیتؓ کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ کراچی، راولپنڈی، ملتان، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھی مجالس برپا ہوئیں اور جلوس نکالے گئے۔ کراچی سمیت مختلف شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد رہی، بلوچستان میں کوئٹہ سمیت سات اضلاع میں موبائل فون سروس بند رہی۔ کئی شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہی۔ بنوں میں جلوس کے راستوں میں کرفیو نافذ رہا۔ بنوں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، اسلحہ کی نمائش اور افغان مہاجرین کی شہر میں آمد پر پابندی تھی۔ جلوس کے روٹ کے گرد موبائل فون سروس معطل رہی۔ نامہ نگاران کے مطابق جھنگ، چشتیاں، لالہ موسیٰ، کمالیہ، چکوال، چنیوٹ، نارووال سمیت کئی شہروں میں جلوس نکالے گئے، مجالس منعقد ہوئیں۔